ملا عبد الغنی برادر نے امریکہ کیساتھ مذاکرات کیلئے 13رکنی ٹیم تشکیل دیدی
کابل (این این آئی) افغان طالبان سیاسی کمیشن کے سربراہ ملا عبد الغنی برادر نے امیر مولوی ہبت اللہ کی ہدایت پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کیلئے 13رکنی ٹیم تشکیل دیدی ہے ۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہاگیاکہ نئی ٹیم امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔یاد رہے کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان قطر میں آئندہ مذاکرات 25فروری کو شروع ہونگے ۔طالبان ترجمان کے مطابق امریکہ کے ساتھ اب تک ہونے والی مذاکرات اچھے رہے ہیں ۔نئی نامزدہ کردہ ٹیم کے ارکان میں شیر محمد عباس ستانکزئی ، مولوی ضیاء الرحمن مدنی ،مولوی عبد السلام حنفی ،مولانا شیخ شہاب الدین ، ملا عبد الطیف منصور ، ملا عبد المنان عمری،مولوی امیر خان متقی ، ملا محد فاضل مظلوم ، ملا خیر اللہ خیر خواہ ، مولوی مطیع الحق ، ملا محمد انس حقانی ، ملا نور اللہ نوری اور ملا عبد الحق وثیق شامل ہیں ۔نئی ٹیم میں مولوی انس حقانی بھی شامل ہیں جو اس وقت افغانستان میں قید ہیں اور طالبان کے ترجمان نے کہاہے کہ وہ ایک طالبعلم تھے وہ کسی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں تھے جس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا۔