لودھراں کے ضمنی الیکشن , پہلی بار کوئی پارٹی اقتدار میں آنے سے پہلے ہی مقبولیت کھو رہی ہے :ریحام خان

13 فروری 2018 (15:26)
 لودھراں کے ضمنی الیکشن , پہلی بار کوئی پارٹی اقتدار میں آنے سے پہلے ہی مقبولیت کھو رہی ہے :ریحام خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔ پہلی بار کوئی پارٹی اقتدار میں آنے سے پہلے ہی مقبولیت کھو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور نظریاتی حامیوں پر ترس آ رہا ہے۔ جب یہ بہت زیادہ بوکھلا جاتے ہیں تو مجھ جیسے لوگوں پر حملہ کرتے ہیں۔ یہ نوازشریف یا مریم نواز کو سازش کی وجہ سمجھتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت کو آج جوابدہ ہونا پڑے گا۔ علی خان ترین کے انتخاب میں کیا نوازشریف کی سازش تھی یا خدانخواستہ ریحام خان کی صلاح تھی۔ پی ٹی آئی کو بہانہ بازی ختم کرنا ہو گی۔ ووٹرز نے آپ کو مسترد کر دیا کیونکہ آپ نظریے سے جدا ہو گئے۔ آپ نے موروثی سیاست کو جگہ دی۔ آپ نے ووٹر پر واضح کر دیا کہ موروثی سیاست ہے اور ایسا ہی ہو گا۔ آپ نے بتا دیا ساری پارٹیوں سے کچرا پی ٹی آئی میں لائیں گے۔ پی ٹی آئی سٹیٹس کو پر حملہ کر رہی تھی مگر خود ہی اس کی سستی کاپی بن گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں تین دھڑے کھل کر سامنے آ گئے۔ ویڈیو پیغام میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو حکومت میں آنے سے پہلے ہی اپنی مقبولیت کھونا پڑ رہی ہے۔ مجھے تو پی ٹی آئی پر ترس آ رہا ہے۔