کشتی حادثہ میں جاں بحق گیارہ پاکستانیوں کی میتیں کل پاکستان پہنچیں گی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) لیبیا کے سمندر میں میں کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے گیارہ پاکستانیوں کی میتیں کل بدھ کے روز پاکستان پہنچیں گی۔ دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق میتیں ایس وی 722 پرواز کے ذریعے واپس لائی جارہی ہیں جو بدھ کو تیسرے پہر چار بجے بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ائرپورٹ پہنچیں گی۔بدھ کو جن افراد کی میتیں لائی جائیں گی ان میں اکرام الحق اور محمد قاسم بیگ کا تعلق منڈی بہاوالدین، ولید اکرم، نعمان علی ،کاشف جمیل، عظمت بی بی،مظہر حسین اور فرحان علی کا تعلق گجرات، مرزا غلام فرید کا تعلق راولپنڈی، تنزیل الرحمن کا تعلق سیالکوٹ اور محمد عزیز کاتعلق سرگودھا سے ہے۔گجرات کے ماجد حسین اورجڑ انوالہ فیصل آباد ک کے محمد لقمان کی میتیں بعد میں لائی جائیں گی۔ دفتر خارجہ کے دو افسر خالد جمالی اور خالد مجید رابطے کے لئے ائر پورٹ پر موجود ہوں گے۔ دریں اثناء پاکستان نے روسی طیارے کے حادثہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں اکہتر مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔دفتر خارجہ کے بیان میںکہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام روسی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان نے سوگوار خاندانوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔