راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش‘ برفباری
اسلام آباد/مری/لاہور (سپورٹس رپورٹر+نامہ نگاران+ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی آخری بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے رات بھر بارش کے بعد موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں پھر عارضی اضافہ ہو گیا جبکہ منڈی بہائو الدین سے نامہ نگار کے مطابق محلہ شفقت آبادمیں بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی۔ باپ اورتین سالہ بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو آپریشن کرکے بیوی اور دو بچیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ محنت کش شہزادکرایہ کے مکان میں مقیم تھا۔ بوسیدہ مکان کی چھت موسلادھاربارش کے باعث گرگئی جس سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد دب گئے۔ 1122 نے ملبہ کے نیچے دبے ہوئے پانچ افراد کو نکال لیا جس میں گھر کا سربراہ 28 سالہ شہزاد اور اسکا تین سالہ بیٹا علی رضا موقع پردم توڑ گئے۔ شدید زخمی شہزاد کی اہلیہ شمشاد بی بی، سات سالہ مقدس اور چھ سالہ سویرا کو بحفاظت نکال لیا جنہیں فوری ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انکی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیراعل پنجاب سے امدادکی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں اتوار کی شب شروع ہونے والی ہلکی بارش کا سلسلہ آج منگل تک جاری رہا۔ آئندہ 24گھنٹوں میں راولپنڈی،گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، بالائی فاٹا، اسلام آباد،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پیر کی صبح تک خیبر پی کے، فاٹا، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ تاہم سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 23 ملی میٹر بارش اور 11 انچ برف باری ہوئی جبکہ مری، زیارت 3، کالام2، راولاکوٹ میں ایک انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ آن لائن کے مطابق وادی زیارت اور کوڑک ٹاپ پر برفباری بھی ہوئی۔ مالاکنڈ ڈویژن اور چترال کے پہاڑوں پر برفباری سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی این پی کے مطابق کندیاں اور گردونواح میں مسلسل 8 گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث گندم اور چنے کی مرجھاتی فصلوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے۔ واں بھچراں سے نامہ نگار کے مطابق واں بھچراں شادیہ مظفر پور اور گردونواح میں گذشتہ رات سے جاری دس گھنٹوں سے شروع ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا گلیاں محلے پانی سے بھر گئے تاہم گندم چنا اور دیگر کاشت کردہ فصلوں پر اچھا اثر پڑا ہے ۔ شاہ پور صدر کے نامہ نگارکے مطابق طویل خشک سالی کے بعد بادل شاہپور پر برس پڑے ۔ گذشتہ شب شروع ہونے والی بوندا باندی دن بھر جاری رہی ۔ سرد ہواوں کے چلنے سے موسم سرد ہو گیا ۔رنگپور سے نامہ نگار کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کی طرح تھصیل نورپورتھل میں بھی ہونے والی بارش سے کسانوں کے چہرے کھِل اٹھے کئی ماہ سے بارش نہ ہونے کی وجہ سے بارانی فصل چنا متاثر ہو رہی تھی اور خشک سالی کا اندیشہ پیدا ہو گیا تھا حالیہ بارش کو فصلوں کے لئے نہائت فائدہ مند قرار دیاانہوں نے کہا کہ بارانی فصل چنا پر اسکے مثبت اثرات پڑیں گے ۔احمد پور سیال سے نامہ نگار کے مطابق احمد پور سیال اور گردونواح میں ہلکی بار ش کے بعد ایک بار پھر سردی لوٹ آئی۔ پپلاں کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی پہلی بار ش سے کاشتکاروں کے چہرے کھل اٹھے۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے بارش فصلات کیلئے نہایت مفید ہے۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق میانوالی اور گردونواح میں گذشتہ رات سے جاری دس گھنٹوں سے شروع ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا فصلوں پر اچھا اثر پڑا ہے کسانوں نے کہا ہے کہ بارش سے فصلیں اب بہترین ہو جائیں گی۔ بدوملہی کے نامہ نگار کے مطابق بدوملہی اور گرد نواح میںموسلادا ر بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی اور ساتھ ہی تیز ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی ۔ جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ زمیندار وں اور کاشت کاروں نے بھی خوشی کا اظہا ر کیا ۔ یہ بارش گندم ، مویشیوں کے چارے سمیت دیگر فصلوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی میںموسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے سردی پھر لوٹ آئی اس کے علاوہ ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی مقامات پر فصل زمین بوس ہوگئی۔ سرحدی علاقہ میں گورنمنٹ سکولوں کی کئی عمارتیں پانی میں ڈوب گئیں جس سے طلباء وطالبات اور اساتذہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔کمیر اور شورکوٹ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ بصیرپور میں بارش سے بجلی کی بندش پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ ساری رات بجلی غائب رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف آزادکشمیر ، نتھیا گلی اور گلیات میں شدید برفباری سے سینکڑوں گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے ۔مظفرآباد کے اردگرد سڑکوں پر تقریباً ایک ہزار گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیاح شدید برفباری میں سڑکوں پر بے یارومددگار کھڑے ہیں آزادکشمیر کے چار اضلاع کا زمینی رابطہ راولپنڈی‘ اسلام آباد سے منقطع ہوگیا۔ مظفر آباد‘ باغ‘ نیلم سے اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور آنے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جہلم ویلی سے اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور آنے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں مری میں دو فٹ سے زائد برفباری سے گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے۔ادھر اسلام آباد میں پہلی ہی بارش سے پارلیمنٹ کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔ بھاری اخراجات سے تعمیر و مرمت بھی کام نہ آئی اور مختلف جگہوں پر پانی جمع ہوگیا۔