باران رحمت سے خشک سالی کا خاتمہ‘ کسان خوش ہوگئے
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) حالیہ بارش سے طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔بارانی علاقے میں گندم کی فصل پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں جبکہ باران رحمت کے نزول سے کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔بارش سے گرد و غبار اور ماحولیاتی آلودگی ختم ہونے سے موسمی بیماریوں کے خاتمے میں مدد ملی ہے۔جڑواں شہروں اور گرد و نواح میں اتوار کی رات 11بجے شروع ہونے والی ہلکی بارش صبح پانچ بجے سے دن بھر جاری رہی جس کی وجہ سے سڑکوں‘ گلیوں‘ محلوں‘ چوکوں میں پانی جمع ہوگیا اور نالے ابل پڑے ہیں جبکہ سردی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔