عقیدہ ختم نبوت کے محافظ شفاعت محمدیؐ کے مستحق ٹھہریں گے: مولانا فضل الرحیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ختم نبوت کانفرنس بادشاہی مسجد کی تیاری سلسلے میں علماء کنونشن اوراسلامی نظام کے برکات و ثمرات ، اولاد کی تعلیم و تربیت، تعلیم بالغاں اور اصلاح معاشرہ کے ذریعہ تبدیلی کے عنوان پر سیمینارجامعہ اشرفیہ لاہور میں جامعہ کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم کی صدارت میں ہوا۔ مہمان خصوصی مولانا اللہ وسایا تھے مولانا عزیزالرحمن ثانی،مولانا محمدیوسف خان ،قاری جمیل الرحمن اختر،پیررضوان نفیس، مفتی عزیزالرحمن ، حافظ محمداشرف گجر، ،مولانا عبدالنعیم، مولانامجیب الرحمن انقلابی ، سمیت سینکڑوں علماء نے شرکت کی۔کنونشن میں ختم نبوت کانفرنس کی تمام کمیٹی کے سربراہان نے کانفرنس کی تیاری کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحیم نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا کام کرنے والے کل قیامت والے دن شفاعت محمدی کے حقداربنیں گے ،عقیدہ ختم نبوت کسی ایک مسلک یا فرقے کا کام نہیں پوری امت مسلمہ کا مشرکہ عقیدہ ہے اور مسلمانوں نے ہمیشہ باہمی اتحاد واتفاق سے عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ اور دفاع کیا ہے ، آزادکشمیر اسمبلی قادیانیوں کو آئینی طورپر غیرمسلم اقلیت قرار دے کر بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے اس پرانکو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔