بانی ایم کیو ایم کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ایف آئی اے نے متحدہ کے 10 رہنمائوں کو طلب کرلیا
اسلام آباد (نامہ نگار) بانی ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے دس اہم رہنمائوں کو طلب کرلیا ہے۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق کفیل دارا، ڈاکٹر صغیر احمد، محمد شاہد، محمد زبیر، محمد طاہر، منظور احمد، رئوف مغل، محمد عمران، رفیق راجپوت اور کمال صدیقی کو طلب کیا ہے۔ طلبی کے نوٹس ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنما پیسے اکٹھے کرکے خدمت خلق فائونڈیشن میں جمع کراتے تھے۔ چائنہ کٹنگ اور بھتہ کی مد میں اکٹھے ہونے والی رقم بھی خدمت خلق فائونڈیشن کے پاس جمع ہوتی تھی۔ خدمت خلق فائونڈیشن سے پیسے ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ بھجوائے جاتے تھے۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق مجموعی طور پر دو ارب روپے لندن سیکرٹریٹ کو بھجوائے گئے۔ ایم کیو ایم رہنما کفیل دارانے مختلف برسوں میں 15 کروڑ سے زائد رقم، محمد شاہد نے ایک سال میں ایک کروڑ 40 لاکھ ، ڈاکٹر صغیر نے 16لاکھ 50 ہزار کے کے ایف میں جمع کروائے۔ منی لانڈرنگ کی لندن میں رقم وکلا کی فیس، سکیورٹی کمپنی اور ذاتی اخراجات پر خرچ کی جاتی تھی۔