قانون ختم نبوت معاملہ پر ایم پی اے نظام الدین سیالوی کے بھائی نعیم سیالوی چیئرمین یو سی سیال شریف بھی مستعفی
ساہیوال/ سرگودھا (نامہ نگار) لیگی چیئرمین یونین کونسل 140 سیال شریف تحصیل ساہیوال صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی نے قانون ختم نبوت کے معاملہ پر احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ میں موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب حکومت کی کابینہ میں شامل ایک وزیر نے جو گستاخانہ رویہ اپنایا ہوا ہے اس پر کئی ارکان صوبائی و قومی اسمبلی سمیت انہوں نے حکومت پنجاب کے سامنے احتجاج پیش کیا مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی نوٹس لیا گیا، وہ حکومت کی اس بے حسی پر احتجاج کرتے ہوئے یونین کونسل کی چیئرمینی اور ڈسٹرکٹ کونسل سرگودھا کی ممبر شپ سے مستعفی ہوتے ہیں اور ان کا استعفیٰ منظور کیا جائے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی (ن) لیگی ایم پی اے صاحبزادہ نظام الدین سیالوی کے چھوٹے بھائی اور پیر آف سیال شریف حضرت خواجہ محمد حمید الدین سیالوی کے سگے بھتیجے ہیں۔