فواد چودھری تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) فواد چودھری کو پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق فواد چودھری اس سے قبل مرکزی ترجمان کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ فواد چودھری تحریک انصاف کے تمام میڈیا آپریشنز کی نگرانی کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پیر کو کورگروپ کے اجلاس میں فواد چوہدری کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کرنے کے علاوہ رکن قومی اسمبلی مراد سعیدکو خیبر پی کے حکومت کا ترجمان مقرر کردیا گیا ہے ۔تحریک انصاف کراچی میں نئی شمولیت کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اجلاس میں خیبر پی کے حکومت کے بلین ٹری سونامی اور دیگر منصوبوںاورصوبے میں پولیس، صحت اور تعلیم سمیت دیگر اصلاحات کے کامیاب نتائج کو تسلی بخش قراردیا گیا۔ شفقت محمود کو پنجاب سمیت تمام اینٹی کرپشن مقدمات سامنے لانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔تحریک انصاف نے پولیس مقابلوں پر سپریم کورٹ کے نوٹس کا خیر مقدم کیا اور مقدمات میں فریق بننے کا فیصلہ بھی کیا۔اجلاس میں رواں ہفتے میں حدیبیہ پیپر ملز کیس فائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چاروں صوبوں میں ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ بھی ہوا جو مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی زیر نگرانی میڈیا امور دیکھیں گے۔