بارش‘ برفباری جاری لاہور میں اولے بھی پڑے‘ گلیات میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے
لاہور، اسلام آباد، سانگلا ہل، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، کامونکے، سکھیکی (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران+ آن لائن+ آئی این پی+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی آخری بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، رات بھر بارش کے بعد موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں پھر عارضی اضافہ ہو گیا۔ جبکہ منڈی بہائو الدین سے نامہ نگار کے مطابق محلہ شفقت آباد میں بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی۔ باپ اور تین سالہ بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو آپریشن کرکے بیوی اور دو بچیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ محنت کش شہزاد کرایہ کے مکان میں مقیم تھا۔ بوسیدہ مکان کی چھت موسلادھار بارش کے باعث گرگئی جس سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد دب گئے۔ 1122 نے ملبہ کے نیچے دبے ہوئے پانچ افراد کو نکال لیا جس میں گھر کا سربراہ 28 سالہ شہزاد اور اسکا تین سالہ بیٹا علی رضا موقع پردم توڑ گئے۔ شدید زخمی شہزاد کی اہلیہ شمشاد بی بی، سات سالہ مقدس اور چھ سالہ سویرا کو بحفاظت نکال لیا جنہیں فوری ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انکی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیراعل پنجاب سے امدادکی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں اتوار کی شب شروع ہونے والی ہلکی بارش کا سلسلہ آج منگل تک جاری رہا۔ آئندہ 24گھنٹوں میں راولپنڈی،گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، بالائی فاٹا، اسلام آباد،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پیر کی صبح تک خیبر پی کے، فاٹا، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ تاہم سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 23 ملی میٹر بارش اور 11 انچ برف باری ہوئی جبکہ مری، زیارت 3، کالام2، راولاکوٹ میں ایک انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ آن لائن کے مطابق وادی زیارت اور کوڑک ٹاپ پر برفباری بھی ہوئی۔ مالاکنڈ ڈویژن اور چترال کے پہاڑوں پر برفباری سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ برفباری والے علاقوں میں ایندھن اور کھانے پینے کی چیزوں کی قلت پیدا ہوگئی بجلی اور گیس کی بندش سے صارفین کو شدید مشکلات ہیں مری، ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں چار فٹ کے قریب برف پڑی ، دیر، باجوڑ، شمالی و جنوبی وزیرستان میں برفباری سے شہری گھروں میں محصور ہوگئے برفباری والے علاقوں میں مشینری نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں موبائل فون بھی خاموش ہیں خون جماتی سردی میں پھنسے افراد کی مدد کی اپیل کی ہے۔ لواری ٹاپ اور گردونواح میں چار فٹ تک برف پڑچکی ہے لواری ٹنل کے قریب برفانی تودہ گرنے سے مین شاہراہ بند ہوگئی ویر بالا میں برفباری کے باعث گاڑی کھائی میں گرنے سے ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔اسلام آباد میں بارش کے باعث پارلیمنٹ ہائوس کی چھت ٹپکنے لگی نجی ٹی وی کے مطابق بارش کا پانی پارلیمنٹ کی راہداریوں میں ٹھہرنے لگا بارش کا پانی ملازمین کے کیفے ٹیریا کے باہر ٹپکتا رہا۔ شاہ پور صدر کے نامہ نگارکے مطابق احمد پور سیال سے نامہ نگار کے مطابق احمد پور سیال اور گردونواح میں میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق میانوالی اور گردونواح میں‘ بدوملہی کے نامہ نگار کے مطابق بدوملہی اور گرد نواح میںموسلادا ر بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ یہ بارش گندم ، مویشیوں کے چارے سمیت دیگر فصلوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی میںموسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے سردی پھر لوٹ آئی اس کے علاوہ ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی مقامات پر فصل زمین بوس ہوگئی۔ سرحدی علاقہ میں گورنمنٹ سکولوں کی کئی عمارتیں پانی میں ڈوب گئیں جس سے طلباء وطالبات اور اساتذہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری طرف آزادکشمیر ، نتھیا گلی اور گلیات میں شدید برفباری سے سینکڑوں گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے ۔مظفرآباد کے اردگرد سڑکوں پر تقریباً ایک ہزار گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیاح شدید برفباری میں سڑکوں پر بے یارومددگار کھڑے ہیں آزادکشمیر کے چار اضلاع کا زمینی رابطہ راولپنڈی‘ اسلام آباد سے منقطع ہوگیا۔ مظفر آباد‘ باغ‘ نیلم سے اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور آنے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جہلم ویلی سے اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور آنے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں ۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے بعد آنیوالے تیز ہوا کے بگولے نے تین گائوں میں متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرگئیں جبکہ ملبے تلے دب کر کئی افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق تیز بھگولے سے تین دیہات جبوکی،نڈالہ سندھواں اور رڈیالہ میں چھتیں اور دیواریں گرگئیں جس کے باعث ملبے تلے متعدد افراد دب گئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق تین افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال کر انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو موقع پر طبی اامداد فراہم کی گئی۔ کامونکے نامہ نگار کے مطابق شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری سے متعدد گھروں کی دیواریں اور چھت گرنے سے خاتون سمیت چھ افرا د نیچے دب کر شدید زخمی ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز نواحی گائوں جبوکی کے ڈیرہ جموں میں چھت گرنے سے ساٹھ سالہ رشید پچیس سالہ رخسار بی بی ، تین سالہ ابوہریرہ اٹھارہ سالہ مون کیانی اور اسی سالہ غلام رسول ملبہ تلے دب کر شدید زخمی ہوگئے،اہل علاقہ نے زخمیوں کو اپنی مدد آپکے تحت ملبہ سے نکالا۔رخسار بی بی ،عمران ‘ابوہریرہ اور غلام رسول کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا ہے۔سکھیکی سے نامہ نگارکے مطابق سکھیکی اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا شہریو ں کا کہنا ہے اس طرح کا منظر سکھیکی میں ہم نے بیس سال گزر جانے کے بعد دیکھا ہے ۔ یختہ بستہ ہوائوں کے چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا بارش کے ساتھ ساتھ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقتکے مطابق اتوار کی رات اور پیر کی صبح میں ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا لاہور روڈ ٹال پلازہ کے قریب محکمہ لیسکو کے بجلی کے پول کا کراس ٹوٹ جانے کی وجہ سے ہائی ٹینشن لائنیں سڑک کے درمیان جھولنا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے بڑی گاڑیوں ،ٹرکوں بسوں اورلوڈر ٹرالیوں کو گزرنے میں تاخیر کی وجہ سے میلوں لمبی گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں ۔ سانگلاہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سانگلاہل میں گذشتہ24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور یخ بستہ ہوائوں سے سردی بڑھ گئی جبکہ بارش سے کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ،کاشتکاروں چوہدری محمد ریاض جٹ،چوہدری عطاء الرحمن رندھاوا اور چوہدری شاجد شفیق کاہلوں نے بارش پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے میں گندم اور دیگر فصلوں کے لئے نیک شگون قرار دیا ہے،شہر کے گلی راستے اور سڑکوں کے کنارے کیچڑ سے بھر گئے جس سے راہ چلنے والے افراد کو گونا گوں مشکلات پیش آئیں۔