مقبوضہ کشمیر‘ کنٹرول لائن پر بھارت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے: صدر مسعود
کراچی (ثناء نیوز) صدر آزاد جموںو کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کر رہا ہے اور بھارتی افواج کشمیر میں تشدد ، ظلم و بربریت کی ایک نئی داستان رقم کر رہی ہیں۔ کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں قیدی بنا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی سربراہی میں بی جے پی کے انتہا پسند اور بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔ جبکہ بین الاقوامی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ جو کہ قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دوہرا معیار ترک کر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلا ف ورزیوں کا فوری طور پر نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں و کشمیر نے یہاں کراچی میں کشمیری کمیونٹی کیا جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان صوبائی دارلحکومت کراچی کے دو روزے سرکاری دورہ پر ہیں۔ جہاں وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منعقد کی جانے والی مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ تقریب میں سنیٹر سلیم ضیاء ، ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل عبدالخالق وصی ، سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن یاسین خان ، صدرکراچی پریس کلب احمد خان ملک اور سینئر سیاسی رہنما سردار شیراز بھی شامل تھے ۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں کو ایک کمیونٹی کے طور پر کشمیریوں کے خود مختاری کے حق کے حصول کے لیے متحد ہو کر اجتماعی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے لیے خود مختاری کے حق حاصل کرنے کے لیے پاکستان ستر سالوں سے ثابت قدمی کے ساتھ کشمیریوں کی بین الاقوامی فورمز پر حمایت کر رہا ہے ۔ صدر مسعود خان نے مضبوط کشمیر کمیونٹی کی تعریف کی اور کہا کہ کمیونٹی ایماندار ، ذمہ دار ، اور مہمان نواز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مختلف مسائل جلد یکسو کیے جائیں گے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ یہاں جلد ہی کشمیر کمیونٹی سنٹر تعمیر کیا جائے گا ۔ جہاں کراچی میںرہائش پذیر کشمیری اپنے مسائل کے حل میں اس سے معاونت حاصل کر سکیں گے ۔ اور اس سے مسئلہ کشمیر پر مثبت طور پر بیداری پیدا کی جا سکے گی ۔صدر نے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں کشمیری طلبہ کے کوٹہ کی بحالی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس بارے میں معاملہ کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اور کوٹہ کی بحالی کے سلسلہ میں متعلقہ اتھارٹیز سے بات کی جائے گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سندھ کے اندر کشمیری کمیونٹی کی مسلم لیگ (ن) میں نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی پارٹی قیادت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نمائندگی لوگوں کے خدشات دور کرنے اور ان کے حقوق کی حفاظت کی ضامن ہوتی ہے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر جو آزاد کشمیر کے پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے چانسلر بھی ہیں نے شرکاء کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پونچھ یونیورسٹی میں بی ایس فارمیسی اور میڈیکل سائنسز دونوں شعبوں اور ان کے نصاب کی متعلقہ اداروں سے باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی ہے ۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ہمارے شہریوں کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ بھارتی افواج ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ جو کہ سیز فائر معاہد ہ کی خلاف ورزی ہے ۔ صدر نے بلا اشتعال فائرنگ کی مزید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارت کی جانب سے ان بزدلانہ کارروایوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے ۔ بلکہ وہ بھارت کو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ انہوں نے ایل او سی پر بسنے والے بہادر کشمیری بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو بھارت کے سامنے دیدہ دلیری سے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔ اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے متاثرین کو منصفانہ معاوضہ دیا جائے گا ۔ اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ صدر آزا د جموں و کشمیر نے کہا کہ سی پیک کے باعث آزاد کشمیر میں اقتصادی انقلاب شروع ہو چکا ہے ۔ دو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کروٹ اور کوہالہ ، مانسہر ہ تا میرپور ایکسپریس وے اور میرپور میں صنعتی زون تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کراچی کی کاروباری برادری کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقی پذیر صنعتوں خاص طور پر سیاحت ، تعلیم ، صحت ، زراعت ، معدنیات ، صنعت و حرفت اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزا د کشمیر کو پاکستان کے لیے قابل قدر اثاثہ اور اقتصادی انجن بنائیں گے۔