سی ڈی اے کا موسمِ بہار کی شجر کاری مہم میں3 لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد( وقائع نگار)کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی( سی ڈی اے) اورمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد( ایم سی آئی) نے سال2018 ء کے موسمِ بہار کی شجر کاری کے لیے وسیع اور جامع انتظامات کیے ہیں۔ شہرِ اسلام آباد کی خوبصورتی اورہریالی کو مزید بڑھانے کے لیے سال 2018 ء کی موسمِ بہار کی شجر کاری کے دوران 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ موسمِ بہار2018 کی شجر کاری کا آغاز ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب سے کیا جائے گا۔ رواںسال موسمِ بہار کی شجر کاری کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے ،گرائونڈز، پارکس ،مارگلہ ہلز نیشنل پارک، سملی ڈیم کے اردگرد کے علاقے ،H-10 ،H-11 اور کشمیر ہائی وے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کیں گئیں ہیں کہ شجرکاری کی مہم میں لگائے جانے والے مختلف اقسام کے پودوں کی نشوونما کو یقینی بنا نے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔مزید برآں شجر کاری میں مقامی اور موزوں پودے لگانے کو یقینی بنایا جا ئے تاکہ انکی افزائش کے مثبت نتائج حاصل ہو سکیں۔