قائداعظم یونیورسٹی میں اساتذہ کا احتجاج چوتھے روز میں داخل
اسلام آباد(نا مہ نگار)قائداعظم یونیورسٹی میں اساتذہ کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے،یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوی ایشن کے زیر اہتمام اساتذہ نے چوتھے روز بھی وائس چانسلر کے خلاف ایک گھنٹے تک احتجاج کیا۔پیر کو اساتذہ بڑی تعداد میں کتبے اٹھائے ایڈمن بلاک کے سامنے جمع ہو گئے اور وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔اساتذہ نے ایک گھنٹے تک کلاسوں کا بھی بائیکاٹ کیے رکھا ،اس موقع پر اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ نااہل وائس چانسلر خودبخود مستعفی ہو جائیں وائس چانسلر پھر بھی مستعفی نہ ہوئے تو ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔مظاہرین نے وائس چانسلر پر مالی کرپشن کے الزامات بھی لگائے اور کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف یونیورسٹی کے معاملات کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو یونیورسٹی کی ساکھ شدیدمتاثرہوگی اور تعلیمی معیار گر جائے گا، اس لیے وہ کسی طور بھی عہدے پر رہنے کے قابل نہیں۔