وزیراعلیٰ پنجاب سے اہلیان سمن آباد کی اپیل
مکرمی! پونچھ روڈ سمن آباد جو کہ قریباً سوا کلو میٹر لمبی ہے پر قریباً 6 بنک ‘22 سکول اور اکیڈمیاں ‘ لاتعداد دکانیں ‘ کمرشل پلازہ اور کئی شادی گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور مزید کی تعمیر جاری ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد اپنے گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں۔ صبح کے وقت سکولوں اور اکیڈمیوں کی وجہ سے اور شام سے رات تک شادی گھروں کی وجہ سے یہ علاقہ نوگو ایریا بن چکا ہے۔ شادی ہالوں کی پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے آنیوالے گلی محلوں میں یا سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کردیتے ہیں جس وجہ سے ہر وقت ٹریفک جام رہتی ہے۔ رہائشی لوگ خاص طور پر خواتین کا گھر سے نکلنا محال ہو گیا ہے اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو لیکر جانا یہ ایمرجنسی سروسز کا علاقہ میں داخلہ ناممکن ہو چکا ہے۔ سمن آباد کا تمام علاقہ اور خاص طور پر پونچھ روڈ لاقانونیت کی ایک زندہ مثال نظر آتا ہے اور حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بلیک سپاٹ ہے۔ ہماری چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست ہے کہ ہمیں اس عذاب مشکل سے نکالیں اور ہمارے علاقہ کو اس کی تمام ناجائز تعمیرات کو ختم کروانے کیلئے متعلقہ حکام کو حکم دیں تاکہ علاقہ کو اسکی اصل شکل میں بحال کیا جائے۔( اہلیان سمن آباد پونچھ روڈ لاہور)