اسلام آباد:افغانستان میں تنازعات کا خاتمہ مذاکرات سے ہی ممکن ہے: ناصر جنجوعہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ جیتنے کے بجائے دنیا کو اس تنازعہ کے خاتمے پر توجہ دینا چاہئے۔ افغانستان میں تنازعات کا خاتمہ سیاسی مذاکرات سے ممکن ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز جرمنی کے وفد سے ملاقات کے دوران یہ گفتگو کی۔ وفد جرمنی کی وفاقی اکیڈمی سکیورٹی پالیسی کے کورس کے 22 سینئر حکام پر مشتمل تھا۔ پاکستان میں جرمنی کے سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ مشیر قومی سلامتی نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں چیلنجز اور مواقع پر پاکستان کی توجہ سے آگاہ کیا گیا۔ ناصر جنجوعہ نے حالیہ تاریخ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی اور وفد کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور فوج کی قربانیوں کے بارے میں بتایا۔