خواجہ آصف کے خلاف تفتیش پر اثرانداز ہونے کا الزام، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن درخواست کو سن کر فیصلہ کرے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف مقدمہ کی تفتیش پر اثر انداز ہونے کے الزام میں دائر درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواستگزار کو سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس عبدالسمیع خان نے آفتاب بٹ کی درخواست پر سماعت کی درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی کے لیے سیالکوٹ میں شہریوں کی اراضی پر قبضہ کیا گیا۔ تھانہ اینٹی کرپشن سیالکوٹ میں پٹواریوں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ پانچ شئیر ہولڈرز میں وفاقی وزیر خواجہ آصف کی اہلیہ بھی شامل ہے جنہیں مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ وکیل نے الزام لگایا ہے کہ خواجہ آصف اثرورسوخ کی بنیاد پر مقدمے کی تفتیش اپنی مرضی سے کرانا چاہتے ہیں۔ عدالت مقدمے میں تفتیشی افسر کی تبدیلی کا حکم دے۔