جوڈیشل الاﺅنس نہ ملنے کیخلاف ایڈووکیٹ جنرل آفس ملازمین کی ہڑتال، مظاہرہ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ملازمین نے پنجاب حکومت کی جانب سے 30 فیصد جوڈیشل الاﺅنس نہ ملنے پر دفتروں میں کام چھوڑ دیا۔ ملازمین نے بازوﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر جوڈیشل الاﺅنس کی بحالی کا مطالبہ کیا اور حکومت خلاف نعرے لگائے۔ ایڈووکیٹ جنرل آفس پنجاب کے ملازمین نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کے باہر قلم چھوڑ احتجاج کیا اور کام کا مکمل بائیکاٹ کر دیا۔ ملازمین نے بازوﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ مظاہرین مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ملازمین کے لیے 30 فیصد جوڈیشل الاﺅنس مختص کیا تاہم چیف سیکرٹری پنجاب نے 2009 سے ملازمین کا 30 فیصد جوڈیشل الاﺅنس منجمد کر رکھا ہے جو ملازمین کے حق پر ڈاکہ ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ ایپکا عہدیداران اور ممبران ایکزیکٹو کمیٹی نے چیف سیکرٹری پنجاب کو الاﺅنس کی منظوری کے لیے سمری بھجوائی مگر چیف سیکرٹری پنجاب نے جوڈیشل الاﺅنس بحال نہیں کیا۔ مظاہرین نے دھمکی دی جوڈیشل الاﺅنس بحال نہ ہوا تو ملازمین لاہور کی فین روڈ یا سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔
احتجاج