اختلافات جمہوریت کی روح، لیگی کارکن 15 فروری کو وزیراعلیٰ کا بھرپور استقبال کریں: نعیم بھابھہ
کرم پور، میلسی (نامہ نگار) صوبائی وزیر زراعت نعیم خان بھابھہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دورہ بوریوالہ کے موقع پر گاڑیوں، بسوں اور موٹر سائیکلوں پر سینکڑوں کارکن ان کی قیادت میں پیر مراد سے روانہ ہوں گے تاکہ اپنے قائد کا شاندار استقبال کر سکیں۔ حلقہ 237کے تمام شہروں، قصبات سے بڑے بڑے قافلے پیر مراد اکٹھے ہوں گے جس کےلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین یوسی میاں عرفان اقبال بورانہ کے ڈیرہ پر کارکنون کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف ضلع وہاڑی کےلئے میگا پراجیکٹ کا اعلان کریں گے۔ جلسے میں کارکنان اور ضلع وہاڑی کی عوام بھرپور شرکت کر کے ثابت کر دے گی کہ ضلع وہاڑی مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے۔آنے والے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ دریں اثناءصوبائی وزیر زراعت نعیم خان بھابھہ نے کہا ہے کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہماری حکومت کے دوران منتخب نمائندوں نے میلسی کی ترقی کیلئے کچھ نہیںکیا حالانکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے تحصیل میلسی کو اعزاز دیتے ہوئے مجھ سمیت دو صوبائی وزیر یہاں سے لئے میلسی میں قائد اعظم روڈ پر ون وے، ریلوے کراسنگ پر انڈرپاس، اسٹیڈیم اور یونیورسٹی کیمپس کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ کی وہاڑی آمد کے موقع پر اس بارے بھی استدعا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ میلسی کے زیر اہتمام کارکنوں کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ میری دلچسپی اپنے انتخابی حلقے تک محدود ہے اور میں کسی بھی دوسرے حلقے میں مداخلت کا قائل نہیں ہم نے اپنے علاقے میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروا کے حلقے کی پسماندگی کو دور کیا۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات جمہوریت کی روح ہیں کارکن 15فروری کو اپنے محبوب قائد کا بھرپور استقبال کریں اور مقامی اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے۔ اس موقع پرکارکنوں نے صوبائی وزیر کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے نے 33 ہزار سے زائد ووٹ لینے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار میاں ماجد نواز ارائیں کو نظر انداز کر رکھا ہے جس کی وجہ سے (ن) لیگ دھڑے بندی کا شکار ہو چکی ہے اگر صورتحال پر اعلیٰ قیادت نے توجہ نہ دی تو الیکشن میں (ن) لیگ سیاسی نقصان سے دوچار ہو سکتی ہے اس موقع پر صوبائی وزیر نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کو میلسی کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ اس موقع پر ڈویژن سینئر نائب صدر ڈاکٹر سعید احمد کھوکھر، مشتاق احمد چوہدری، محمد اقبال شہزاد، سید نیاز حسین شاہ، رانا خوشی محمد، میاں قیصر سمیت دیگر کارکن موجود تھے۔
نعیم خان بھابھہ