تھرکول بلاک ٹو کا منصوبہ پاکستان کیلئے بڑے فخر کی بات ہے کورکمانڈر کراچی
کراچی(کامرس رپورٹر)کورکمانڈر کراچی‘ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی کے زیر انتظام تھرکول بلاک ٹو کا منصوبہ دیکھ کر بحیثیت پاکستانی سر فخر سے بلند ہے‘ تھرفائونڈیشن کے منصوبے‘ مقامی لوگوں کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اورملازمتوں کی فراہمی قابل تعریف اقدام ہیں‘ کور کمانڈر کراچی نے گزشتہ روز اپنی فیملی کے ہمراہ تھر کول بلاک ٹو کا دورہ کیا۔ اوپن پٹ مائیننگ ‘اینگروپاور جین تھر کی جانب سے زیر تعمیر 660 میگاواٹ بجلی گھر سمیت کمیونٹی ڈولپمنٹ کے پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا۔ کور کمانڈر کو سی ای او سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی شمس الدین احمد شیخ نے پراجیکٹ پراگریس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران کور کمانڈر جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا کہ سندھ اینگروکول مائیننگ کمپنی کے تھر بلاک ٹو کے پورے پراجیکٹ کی تمام کوششیں دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان کے اندر یہ مائیننگ کا پہلا پراجیکٹ ہے اورانتہائی احسن طریقے سے سرانجام دیاجارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نہ صرف اینگرو والوں کیلئے فخر کی بات ہے پرمیرے لئے بحیثیت پاکستانی بڑے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت اچھا پراجیکٹ ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی ترقی میں یہ پراجیکٹ کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ڈولپمنٹ کے حوالے سے جو اقدامات جو اینگرو کیسی ای او شمس الدین شیخ اور اینگرو ایڈمنسٹریشن نے لئے وہ قابل تعریف ہیں۔