مسلمانوں کو مسالک سے بالاتر ہوکر متحد ہونا چاہیے، مفتی گلزار احمد نعیمی
اسلام آباد( وقائع نگارخصوصی ) مسلمانوں کودین مسالک سے بالا تر ہوکر متحد ہونا چاہیے۔اسلام نے ہمیں اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھامنے کا ارشاد فرمایا ہے اور پھراسی تاکید کے ساتھ فرقہ وارےت سے دو رر رہنے کا بھی حکم دیا ہے ،ان خیالات کا اظہار شیخ الحدیث مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم نے مسلم یونیٹی یوتھ کانفرنس زیر اہتمام جماعت اہل حرم یوتھ ونگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نےکہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں قرآن مجید میں اسلام کے نام پر متحد رہنے کی تلقین کی ہے اور قرآن نے ہمارا نام مسلمان رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کے لیے ہمارے تعلیمی نظام میں کوئی ایسی چیز موجود نہیں ہے جو انہیں صراط مستقیم پر رکھ سکے انہوں نے خود ہی اپنی اسلامی تعلیمات کو حاصل کرنا ہوگا اور طاغوتی قوتوں کے مقابلے میں اپنا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا ۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ہمیں ان بنیادوں کو دیکھنا ہوگا جو امت میں اختلاف کا باعث بن رہی ہیںانہوں نے کہا کہ طاغوت، پہلے اختلاف کی راہ ہموار کرتا ہے اختلاف کو مزید بڑھاتا ہے اور پھر اسلام کو مورد الزام ٹھہرا کر اسلام اور اہل اسلام کو دہشت گرد قراردیتا ہے۔ سلطنت عثمانیہ اہل سنت کی ایک عظیم سلطنت تھی جو اسلام کی ایک نمائندہ ریاست تھی اس کو ٹکروں میں تقسیم کرکے اپنے گماشتوں کے حوالے کردیا گیا۔ آج انہی ٹکروں کو مزید حصوں بخروں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ علامہ ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ ہم اتحاد کے ذریعے سے ہی اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ہماری پہچان دین ہے اور یہ ہمیں باہمی اتحاد اور محبت کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اہل حرم پاکستان کی یہ کوشش قابل تحسین ہے اور یہ کوشش اتحاد امت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔ پیر زادہ محمد جنید امین پیر آف مانکی شریف نے کہا کہ دربار عالیہ مانکی شریف کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بانی پاکستان خیبر پختون خواہ میں جب تشریف لائے تو وہ مانکی شریف میں ہی تشریف لائے تھے ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان میں مرکزی کردار ادا کیا تو اس کی وجہ یہی تھی کہ ہم اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے خواہش مند تھے، اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی نے کہا کہ عشق رسول کا فروغ امت میں اتحاد کا اہم سبب ہے اور ناموس رسالت کا تحفظ مسلمانوں کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور البصیرہ کے صدر نشین ثاقب اکبر نے جماعت اہل حرم کے بارے میں نظم پیش کی، کانفرنس سے صاحبزادہ کاشف گلزار نعیمی ، عبدالرحمان جلالپوری،محمد بشیر اعوان ، عبدالوہاب اعوان، طلحہ زبیر، ناصر کیانی، مجتبی نعیمی اور محترمہ شمسہ اور دیگر نے خطاب کیا، آخر میں پیر عبید احمد ستی نے دعا کروائی۔نظامت راجہ طلحہٰ نے کی۔