پاکستان جنوبی ایشیا ءکی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کےلئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ عبد الرزاق داﺅد
وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا ءکی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے، سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک کو آئندہ دو سالہ مدت کےلئے سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں مشیر تجارت نے کہا کہ یہ نامزدگی خطہ میں تجارت کے فروغ کیلئے افتخار علی ملک کی 29 سالہ شاندار خدمات کا اعتراف اور پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم سے علاقائی تجارت کے فروغ اور ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہی خطے میں قیام امن کے لئے آگے بڑھنے کا قابل عمل راستہ ہے اور پاکستان اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن سے بھر پور استفادہ کی ضرورت ہے۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ سارک سوشل چارٹر اس ضمن میں آگے بڑھنے کا حقیقی راستہ ہے، پاکستان اس ضمن میں تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں تنظیم کے زیادہ سے زیادہ کردار کی ضرورت ہے۔ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے عبد الرزاق داﺅد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے، خوشحال جنوبی ایشیا ءکی تعمیر میں پاکستان کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی اخراجات کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ سارک ممالک کے مابین تجارت کو زیادہ سے زیادہ حد تک فروغ دیا جاسکے۔