چیف الیکشن کمشنرتقرر،حکومت تذبذب کا شکار:پارلیمانی کمیٹی اجلاس بغیرکارروائی ملتوی
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے معاملہ پر تذبذب کا شکار ہو گئی ۔دوسرے روز بھی حکومت کی درخواست پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کارروائی کے بغیر ملتوی کر دیا گیا ۔کمیٹی کے ارکان کو اجلاس سے ایک گھنٹہ قبل حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ کمیٹی کا اجلاس نہیں ہو گا جس پر اپوزیشن کے ارکان نے شدید ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ’’ڈبل مائنڈ ‘‘ نہیں بلکہ ’’ٹرپل مائنڈ ‘‘ ہے ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے حکومت کو بابر یعقب کے سوا کسی اور شخصیت کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کی پیشکش کو اپوزیشن کے دو ارکان کی نامزدگی سے مشروط کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کے حکومتی ارکان تاحال وزیر اعظم عمران خان کو اپوزیشن کے دو ارکان دینے پر آمادہ نہیں کر سکے ۔پارلیمانی کمیٹی کے آج کے اجلاس میں ڈیڈلاک ختم ہونے کا امکان نہیں ۔