قصور میں غیرت کے نام پر 25 سالہ نوجوان قتل
لاہور/ قصور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے پچیس سالہ نوجوان کو قتل کر دیا۔ تھہ شیخم کے رہائشی ملزم محمد حسین کو شک تھا کہ نند کا تکیہ کے رہائشی مقتول محمد عنصر نے اس کی بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔ گزشتہ روز محمد عنصر موٹرسائیکل پر جا رہا تھا، شیخم عاشق کی پٹی کے قریب ملزمان محمد حسین وغیرہ نے فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا۔ پولیس تھانہ تھہ شیخم کے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور بھیج دی اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دریں اثناء ضلع ننکانہ میں حو اکی بیٹی غیرت کے نام پر قتل ہونے سے بچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ کے علاقہ مانگٹانوالہ کے گائوں پیپل والہ میں نودسمبر کو ملزم علی رضانے فائرنگ کرکے اپنی بہن ثمینہ بی بی کو قتل کردیا تھا، جس کے تناظر میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے آئی جی پنجاب اورپنجاب پولیس کے ہیومن رائٹس سیل کو مراسلہ بھجوایا جس میںمقتولہ کی بھتیجی عائشہ بی بی کی جان بچانے کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ درخواست میں یہ بتایا گیا تھا کہ عائشہ گذشتہ کئی دنوں سے لاپتہ ہے اور ہمسایوں کے مطابق اسے بھی قتل کر دئیے جانے کا شبہ ہے۔ خط کے ساتھ عائشہ بی بی کی بحفاظت بازیابی کیلئے فوری اقدامات کے لیے بھی کہا جس پر پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے لڑکی کو گائوں سے ہی برآمد کرکے مجسٹریٹ فرسٹ کلاس ننکانہ صاحب کی عدالت میں پیش کیا، جہاں لڑکی کا بیان ریکارڈ کیا گیا اوراس کی درخواست پر اسے شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس ٹیم نے ثمینہ بی بی کے قاتل علی رضا کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔