منشیات کی وجہ سے طلباء وطالبات سائبر ؍سوشل کرائم جیسے مسائل کا شکار ہوتے ہیں
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز وقار الدین سید،اے آئی جی آپریشنز سردار غیاث گل،ایس پی سٹی ساعد عزیز پرائیویٹ سکولوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور ہیڈز نے شرکت کی ،نیز پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)کے ڈائریکٹر امتیاز نے بھی شرکت کی ،اس میٹنگ کا مقصد پرائیویٹ سکولز و ہیڈ ز کے ذریعے منشیات کے بارے میں سکولوں میں طلباء و طالبات کی آگاہی کرنی ہے اور ان اداروں کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنا ہے ،نیز اس آگاہی مہم کے ذریعے طلباء و طالبات کے علاوہ ان کے والدین کو بھی اس آگاہی مہم میں شامل کرنا ہے ،کیونکہ منشیات کی لعنت کی وجہ سے طلباء وطالبات سائبر ؍سوشل کرائم جیسے مسائل کا شکار ہوتے ہیں ،منشیات چونکہ شام کو سپلائی کی جاتی ہے اس میں ٹیوشن سنٹرز کی بھی کلئیرنس بھی ہونا ضروری ہے ،آئی جی اسلام آباد نے ایس پی ٹریفک سمیرا اعظم،اے ایس پی عائشہ گل ،ایس پی سٹی ساعد عزیز کی باقاعدہ طورپر کمیٹی تشکیل دی ہے جوکہ ان اداروں کے ساتھ رابطہ کرکے اس آگاہی مہم کو آگے بڑھائیں گے،اس پر بنائی جانے والی ڈاکومینٹر ی بھی طلباء و طالبات میں شئیر کی جائے گی ،پمفلٹس بھی ناصرف تعلیمی اداروں بلکہ بک شاپس اور سکول یونیفارم والی دکانوں پر تقسیم کئے جائیں گے،اسلام آباد پولیس کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا کا پیج بھی تمام اداروں سے لنک کیا جائے گا ،15جنوری 2019ء سے تمام پرائیویٹ سکولز کے اشتراک سے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں منشیات کے خلاف سیمینار کیا جائے گا جس میں طلباء و طالبات ،ان کے والدین اور سکولز کے ہیڈز شامل ہوں گے۔