جدید میرینائزڈ ایئر کرافٹ اور سی کنگ ہیلی کاپٹرزپاک بحریہ بیڑے میں شامل
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ نے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے اور اُن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلے جدید میر ینائزڈ ایئر کرافٹ اور سی کنگ ہیلی کا پٹر زکو اپنے فلیٹ میں شامل کر لیا۔ اس سلسلے میں پی این ایس مہران کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل ظفر محمود عباسی تھے۔ پہلا میرینائزڈ اے ٹی آر ایئر کرافٹ ایک جدید اور بہت زیادہ استعمال ہونے والا ٹربو پراپ ایئر کرافٹ ہے جو جدید ہتھیاروں اور سنسرز سے لیس ہے۔ ایئر کرافٹ پاکستان نیوی کے فضائی جنگی بیڑے کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کا باعث ہوگا اور جدید دور کی بحری جنگ کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔ برطانیہ سے حاصل کیے جانے والے دو ایم کے 3 اے/ ایم کے 4 سی کنگ ہیلی کاپٹر ز کی پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں شمولیت سے پاک بحریہ کے آپریشنل بالخصوص ٹروپس کی منتقلی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ ان میں سے ایک ہیلی کاپٹر کو سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیوآپریشن کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے جبکہ دوسرا ٹروپس کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کی خصوصیت کا حامل ہے۔عملے کی تربیت کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کے لیے بحریہ نے اینٹی سب میرین وار فیئر ہیلی کاپٹر Z9ECکے جدید ٹریننگ سیمو لیٹرکو بھی پاکستان نیوی کا حصہ بنایا تاکہ اس ہیلی کاپٹر کے عملے کو تربیت دی جاسکے۔ یہ سیمو لیٹر ہیلی کاپٹر کے عملے کو زندگی اور قیمتی اثاثہ جات کوخطرہ میں ڈالے بغیر اینٹی سب میرین وار فئیر اور ایمر جنسی حالات سے نمٹنے کی تربیت، کم خرچ پر مہیا کر ے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ ان چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور ان نئے پلیٹ فارمز کی پاک بحریہ میں شمولیت سے ان چیلنجز سے نمٹنے ، قومی مقاصد کے حصول ،بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور اپنے بحری مفاد ات کے تحفظ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔