وزیراعظم عمران خان نے تمام شہریوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے ملک بھرمیں صحت کا موثر اورجامع نظام یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت ، پنجاب اورخیبرپختونخوا کے شعبہ صحت میں کی گئی اصلاحات سے متعلق اسلام آباد میں ایک بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے اس راہ میں حائل انتظامی اورقانونی امور سے متعلق تمام رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے کوکہا۔وزیراعظم نے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کی راہ میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے وفاق اور صوبوں کی سطح پر متعلقہ حکام کو صحت سے متعلق خطرات کا باعث بننے والی ناقص خوراک کو چیک کرنے کیلئے ایک جامع طریقہ کار اور جدید لیبارٹریوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ شعبہ صحت کی ٹاسک فورس کی سفارش کے مطابق اسلام آباد پبلک ہیلتھ مینجمنٹ اتھارٹی قائم کی جارہی ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے ان پرزوردیا کہ وہ تعلیم کے حصول پرتوجہ دیں۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی ترقی کے لئے قانون کی حکمرانی ، انصاف کی فراہمی اور تعلیم کا فروغ ناگزیرہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں بدعنوانی ہوتی ہے۔ اس علاقے کے عوام پسماندگی کاشکار ہوتے ہیں۔