جھنگ: چور کو رسیوں سے باندھ کر مختلف علاقوں میں گھسیٹنے والے ملزم سمیت گرفتار
جھنگ (نامہ نگار) محلہ حسنانہ کے رہائشیوں نے اپنی ہی عدالت لگا لی، انصاف کے نام پر انسانیت کی تذلیل، چور کو پکڑ کر پہلے تو درگت بنائی پھر رسیوں سے باندھ کر مختلف علاقوں میں گھسیٹے رہے۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ جھنگ کے علاقہ محلہ حسنانہ کے رہائشیوں نے انصاف کے نام پر انسانیت کی تذلیل شروع کر دی اہل علاقہ کے ہاتھ چور آیا تو رسیوں سے باندھ کر محلے کا چکر لگوا دیا، موٹر سائیکل پر سوار ہو کر رسیوں سے باندھے نوجوان کو گھسیٹتے رہے۔ اس حوالہ سے ڈی ایس پی سیف اللہ بھٹی نے صحافیوں کو بتایا کہ محلہ حسنانہ کے رہائشی نشے کے عادی نوجوان ثناء الرحمٰن نے اپنے ہی محلہ میں محمد وسیم کے گھر چوری کی، اہلخانہ نے اسے پکڑ لیا، رسیوں سے باندھ کر مختلف علاقوں کا چکر لگایا، اطلاع ملتے ہی پولیس نے ثناء الرحمٰن اور محمد وسیم کو گرفتار کر کے ملزمان کے خلاف تھانہ کوتوالی میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔ اہل علاقہ کے مطابق وہ نشے کے عادی نوجوان کی آئے روز چوریوں سے تنگ آ چکے تھے جس پر یہ قدم اٹھایا۔