آیوڈین کی کمی ذہنی پسماندگی سمیت متعدد بیماریوں کا باعث بنتی ہے: ڈاکٹر سعیداختر
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہا ء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے کہا ہے کہ آیوڈین کی کمی بہت سی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔ جن میں ذ ہنی پسماندگی ، جسمانی کمزوری ، ذہانت میں کمی ، غیرتسلی بخش تعلیمی کارکردگی اور گلہڑ کی بیماری بھی ہوسکتی ہے۔ آیوڈین کی مطلوبہ تعداد حاصل کرنے کا آسان دوست طریقہ آیوڈین ملے نمک کا باقاعدہ استعمال ہے۔ آیوڈین ملا نمک عام نمک ہی ہے۔ جس میں ہماری روزانہ غذائی ضرورت کے مطابق آیوڈین شامل کی جاتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آ ف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیراہتمام اور پنجاب فوڈ اتھارٹی حکومت پنجاب ، نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان ، ورلڈ فوڈ پروگرام ، سکیلنگ اپ نیوٹریشن کے تعاون سے منعقدہ سیمینار ’’آیوڈین کی کمی کو پوراکرنے کے لیے آگاہی میں سو ل سوسائٹی او ر تعلیمی اداروں کا کردار ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر پروفیشنل پروگرام منیجر اپر پنجاب اے جے کے نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان ڈاکٹر طارق محمود ، پرونیشنل پروگرام منیجر جنوبی پنجاب نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان احتشام الحق طارق ، فوڈ سیفٹی آفیسر پنجاب فوڈ اتھارٹی ، محمد نواز شریف ایگری کلچر یونیورسٹی کے شعبہ فوڈ سائنس کے چیئرمین پروفیسر ڈ اکٹر عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں آیوڈین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے عوام میں باقاعدہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اور آیوڈین ملا نمک ایک آسان ذریعہ ہے۔ جس سے آیوڈین کی کمی کو پورا کیاجاسکتا ہے۔ حاملہ خواتین میں آیوڈین ملا نمک کے استعمال سے پیدا ہونے والے بچے زیادہ صحت مند اور چست ہوتے ہیں۔