انجمن فیض الاسلام کے ’’اپنا گھر‘‘کے طلبہ کیلئے آئی کیمپ
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) انجمن فیض الاسلام کے ’’اپنا گھر‘‘کے رہائشی اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کیلئے امانت آئی ہسپتال کے تعاون سے انر وہیل کلب اسلام آباد نے آنکھوں کے معائینے کیلئے خصوصی کیمپ لگایا جس میں 500 سے زائد بچوں کی نظر چیک کی گئی اور جن بچوں کو آپریشن کی ضرورت تھی انہیں ہسپتال کی جانب ریفر کیا گیا ۔ خصوصی آئی کیمپ کا انعقاد انجمن فیض الاسلام کے فیض آباد مرکز کے راجہ غلام قادر ہال میں کیا گیا ۔ اس موقع پر انجمن فیض الاسلام ماڈل سکینڈری سکول کے پرنسپل غلام جیلانی نے میزبانی کے فرائض ادا کئے جبکہ انر وہیل کلب کی صدر روبی غیاث ، سیکریٹری کوثر نعیم اور کیمپ آرگنائزر مسز عظمی عادل کے علاوہ انجمن کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام بھی موجود تھے ۔ آپٹومیٹریسٹ بابر مسیح نے بچوںکی نظر کا معائینہ کیا اور جن بچوں کو مزید علاج معالجے اور عینکوں کی ضرورت تھی انہیں امانت آئی ہسپتال ریفر کیا گیا ۔ انجمن فیض الاسلام کی مجلس منتظمہ کے اراکین صدر محمد صدیق اکبر میاں، سنئیر نائب صدر ڈاکٹر ریاض احمد ، نائب صدر انجنئیر عبدالرزاق ، جنرل سیکریٹری راجہ فتح خان اور دیگر نے انر وہیل کلب اور امانت آئی ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔