قائد اعظم ٹرافی سپر 8 مرحلہ: واپڈا اور سوئی ناردن گیس فتوحات سمیٹ کر گروپ لیڈر بن گئیں
ملتان( سپورٹس ڈیسک) واپڈا نے سپرایٹ مرحلہ کا لگاتار دوسرا میچ جیت کر قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن کرلئے ہیں۔ کامیابی کیساتھ ہی سلمان بٹ الیون گروپ ٹو میں 10پوائنٹس کی برتری کیساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے گروپ ون کے سپرایٹ مرحلہ کے ایک میچ میں سوئی ناردرن نے لاہور وائٹس کو72رنز سے شکست دے دی۔ تفصیل کے مطابق 4روزہ قائد اعظم ٹرافی سپرایٹ مرحلہ میں گروپ ٹو میںنیشنل بنک سپورٹس کمپلیکس کراچی میں یو بی ایل کے خلاف کھیلے گئے میچ میں واپڈا نے پہلی اننگز میں 243 سکور کیا۔ جواب میں یو بی ایل 275 سکور کرکے 32رنز کی لیڈ لی واپڈا نے دوسری اننگز میں 220رنز بنائے۔ کپتان سلمان بٹ 66رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ 189رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے آخری روز یو بی ایل 131پر ڈھیر ہوگئی وقاص مقصود اور زاہد منصور نے 4، 4وکٹ لئے۔ نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں کھیلے گئے سپرایٹ مرحلہ کے گروپ Iمیچ میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پہلی اننگز میں 411رنز کا بڑا ٹوٹل سجایا۔ خرم شہزاد نے سنچری سکور کی افتخار احمد 87اور اسد شفیق نے 59رنز بنائے لاہور وائٹس 344تک محدود رہی۔ محمد محسن نے 96رنز بنائے کپتان صلاح الدین اور حمزہ اکبر نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ لاہو ر وائٹس کے باؤلروں نے سوئی ناردرن کو دوسری اننگز میں 93پر ڈھیر کردیا تاہم 161رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں لاہور وائٹس بھی 88پر ہمت ہار گئی۔ سوئی ناردرن گیس کے محمد عباس نے 5وکٹ لئے۔ فتح کیساتھ ہی سوئی ناردرن گیس 2پوائنٹس کی برتری کیساتھ گروپ Iمیں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔