آئی کیپ کے تحت نیشنل فنانس اولمپیاڈ 2017شروع
کراچی (کامرس رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) کی پروفیشنل اکاؤنٹنٹس ان بزنس کمیٹی کے تحت نیشنل فنانس اولمپیاڈ 2017 کراچی اور لاہور میں ایک ساتھ شروع ہو گیا۔ مقابلے میں شریک 31ٹیموں میں سے 15 نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل فنانس اولمپیاڈ ملک بھر کی بڑی کمپنیوں کی 31 ٹیموں کے ساتھ شروع ہو گیا ہے جس میں ٹیکنیکل پارٹنرز ، ای وائی فورڈ رہوڈز، کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کمپنی کی جانب سے بنائے گئے تین گھنٹے کا ایم سی کیو امتحان لیاجاتا ہے۔ فنانس چیمپئن شپ آئی کیپ نے یونی لیور پاکستان کے تعاون سے شروع کی ہے جس میں مختلف کمپنیوں کے فنانشل پروفیشنلز کی ٹیمیں حصہ لے کر اپنا لوہا منواتی ہیں۔ آئی کیپ کی پروفیشنل اکاؤنٹنٹس ان بزنس کمیٹی یہ ایونٹ 2015 سے مسقبل بنیادوں پرمنعقد کرتی آرہی ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈکے فاتح ٹیموں کا اعلان چند گھنٹوں بعد ہی آئی کیپ ہیڈ آفس کراچی اور ریجنل آفس لاہور میں منعقد ہونے والی تقریبات میں کر دیا گیا۔