کورئین کمپنی کی پاکستان میں سکئینگ کے فروغ کیلئے سکی کے سازو سامان کی امداد
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) 23ویں ونٹر اولمپکس 9سے25فروری تک جنوبی کوریا میں ہوں گے۔ جس میں پاکستان کے نامور سکیئر پاک فضائیہ کے سینئر ٹیک محمد کریم اور سید حمان بھی شرکت کریں گے۔ محمد کریم ان سرمائی اولمپکس کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔ اور سید حمان سکی فیڈریشن آف پاکستان کی زیر سرپرستی پاکستان میں اور انٹرنیشنل سکی فیڈریشن کی ریسز میں مسلسل حصہ لے رہے ہیں۔اور قوی امید ہے کہ وہ 31دسمبرسے پہلے ان اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی کر جائیں گے۔ بدھ کو کوریا کی ایک کمپنی دی کوریاسائوتھ ایسٹ پاور کمپنی لمیٹڈ (KOEN)کے نمائندگان نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام کو 10ہزار300ڈالر مالیت کا سکی کا سازو سامان حوالے کیا ۔ یہ ایکویپمنٹ پاکستان کے سکی کھلاڑیوں کو کوریا میں ہونے والے ونٹر اولمپکس کی تیاری میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ اورKOENکمپنی کے مابین 17مئی کو ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت یہ سازو سامان بدھ کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) سید حبیب شاہ اور ڈائریکٹر میڈیا محمد اعظم ڈار نے یہ سامان وصول کیا۔ اس موقع پرسکی فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل ائیر کموڈور شاہد ندیمKOENکمپنی کے نمائندے من بیانگ بھی موجود تھے۔