ایڈمرل ظفر عباسی کی ترک فوجی حکام سے ملاقاتیں‘ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک ترک بے مثال دوستی باہمی تعاون اور مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔ منگل کو ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی کمانڈر ترکش فلیٹ اور کمانڈر آف ترکش ناردرن سی ایریا سے ملاقات ہوئی جس میں پیشہ وارانہ امور اور بحر ہند میں سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکش فلیٹ ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر ترکش فلیٹ نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کو اعزازی سلامی پیش کی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکش فلیٹ کمانڈ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال اور نہایت ہی اہم ہے۔ نیول چیف نے گولکیک نیول شپ یارڈ اور ترکش نیوی کے جہاز کا بھی دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے جہاز کے عملے کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔