خیبر پختونخوا حکومت کا یوتھ انٹر پرینور شپ ایجوکیشن پروگرام کیلئے لمز سے معاہدہ
پشاور(بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کو اپنے ہنر و فن اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروبار شروع کرنے میں معاونت کیلئے محکمہ یوتھ افئیر کی جانب سے500ملین لاگت کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے نوجوانوں کی رہنمائی اور تعاون کیلئے محکمہ یوتھ افئیرز اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے جبکہ اسی حوالہ سے معاونت کیلئے محکمہ یوتھ افئیرزاور انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے مابین مفاہمت طے پائی ہے ایم او یو پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک،سیکرٹری سپورٹس ،کلچر ،یوتھ افئیر طارق خان ،لمز اور آئی ایم سائنسز کے نمائندہ وفود نے شرکت کی،یہ سروس لیول معاہدہ لمزاور کے پی کے حکومت کے درمیان وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایس سہیل ایچ نقوی اور خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل یوتھ امور، اسفندیار خان خٹک نے دستخط کئے، مفاہمتی یاداشت کے تحت لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) اور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز،خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے نوجوانوں کی صلاحییتوں کو مزید بہتر بنانے کی غرض سے تربیت فراہم کریںگے جسکے بعد نوجوان اپنے لئے کاروبار چلانے اور اسے مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھانے کے قابل ہوسکیں گے منصوبہ کے مطابق 350نوجوانوں کو انٹر پرینیورز قائم کرنے کیلئے گرانٹس فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جنید خان کا کہنا تھا کہ منصوبہ کیلئے ابتداء میں 250ملین کی رقم مختص کی گئی تھی تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے زیادہ تعداد میں نوجوانوں کو مستفید کرنے کی غرض سے اس رقم کو بڑھاکر 500ملین روپے تک کردیا ڈائریکٹر یوتھ افئیرز اسفندیار خان نے شرکاء کو منصوبہ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرانٹس کے حصول کے خواہشمندوں کیلئے عمر اور تعلیم کی حدبندی نہیں کی گئی منصوبہ کی بدولت نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کیلئے مستحکم بنیاد فراہم ہوسکے گی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لمز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایس سہیل ایچ نقوی نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہی ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ کام کرنے پر خوشی ہے۔