راولپنڈی: چار روز قبل لاپتہ ہونے والے ملٹری انجینئرنگ سروس کے ملازم کی نعش گھر کے گٹر سے برآمد
راولپنڈی (این این آئی) راولپنڈی کے علاقہ اڈیالہ روڈ سے چار روز قبل لاپتہ ہونے والے ملٹری انجینئرنگ سروس (ایم ای ایس) کے ملازم کی نعش ایک گھر کے گٹر سے برآمد کرلی گئی۔ سٹی پولیس افسر (سی پی او) اسرار احمد خان عباسی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتول آفتاب ایم ای ایس میں بطور سپرنٹنڈنٹ کام کرتا تھا اور 7 دسمبر کو بحریہ ٹاؤن سے واپسی پر اسے نامعلوم ملزم نے اغواء کر لیا تھا۔ صدر تھانے میں مغوی آفتاب کے اغواء کا مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کی گئی تو ان کے گھر کام کرنے والے مزدور ندیم پر شک گزرا، جسے تحویل میں لے لیا گیا۔ سٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) صدر تھانے کے مطابق ملزم ندیم کو تحویل میں لینے کے بعد تفتیش میں اس نے انکشاف کیا کہ مغوی آفتاب کو ملزم نے قتل کر کے نعش اڈیالہ روڈ میں واقع ایک گھر کے گٹر میں چھپا دی تھی۔