گجرات کے انتخابات میں مبینہ مداخلت‘ شیوسینا کا پاکستان پر حملے کا مطالبہ
ممبئی/ اسلام آباد (اے این این/ سپیشل رپورٹ) بھارت میں حکمران بی جے پی کی اتحادی ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے وزیراعظم نریندر مودی سے پاکستان پر حملے کا مطالبہ کر دیا۔ تنظیم کے ترجمان اخبار میں شائع ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے یہ سنجیدہ الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان گجرات کے انتخابات میں مداخلت کررہا ہے ہمیں اس پر تشویش ہے اگر پاکستان واقعی انتخابات میں ملوث ہے تو نریندر مودی جرأت کا مظاہرہ کریں اور اس پر حملہ کریں۔ شیوسینا نے مودی سے کانگریس کے رہنما مانی شنکر ائر سمیت کانگریس کے ان تمام رہنمائوں کو گرفتار اور ان کیخلاف غداری کے مقدمے درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا جنہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کے ظہرانے میں شرکت کی۔ نریندر مودی نے انتخابی مہم کے دوران الزام لگایا تھا کہ سابق بھارتی وزیر من موہن سنگھ‘ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کانگرس کے وزیر مانی شنکر آئر کے گھر میں میٹنگ کی تھی۔