شہید بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ٹینس ٹورنامنٹ 18 دسمبر کو شروع ہو گا
اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر)شہید بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ 18سے24 دسمبر تک اسلام آباد ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائیگا جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ 12ممالک کے 24 کھلاڑی بھی شرکت کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار سبحان ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں سینیٹر تاج حید نے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور فضل سبحان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹینس ٹورنا منٹ کا یہ تیسرا ایڈیشن ہے ،اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے بعد ملک بھر میں ٹینس کے کھیل کو فروغ ملا،اس ٹورنامنٹ میں 200سے زائد کھلاڑیوں نے اپنی انٹریز جمع کروائی ہیں،مین ڈرا میں 32کھلاڑی ہیں جس میں سے 24غیر ملکی کھلاڑی شرکت کرینگے جن کا 12ممالک سے تعلق ہے۔ اس ٹورنامنٹ مینز اور ویمنز ایونٹ کیلئے الگ الگ ٹرافیاں رکھی گئی ہیں ۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اور پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس ٹورنامنٹ کو تسلیم کیا ہے جبکہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے اس ٹورنامنٹ کی نگرانی کیلئے اپنا ریفری بھی بھجوایا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 15ہزار ڈالر ہے جبکہ حکومت سندھ نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے 37لاکھ روپے کے فنڈز دیئے ہیں جبکہ سندھ اینگرو بھی اس ٹورنامنٹ کا سپانسر ہے ،اس ٹورنامنٹ کیلئے 45لاکھ روپے کی رقم جمع کی ہے ،مقامی کھلاڑیوں کو سفر کے اخراجات بھی فراہم کرینگے جبکہ غیر ملکی کھلاڑی اپنے سفری اخراجات خود ادا کرینگے۔ سنیٹر تاج حیدرنے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ اس لیول کا ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے بلاول بھٹو زرداری 18دسمبر کو اس ٹورنامنٹ کا افتتاح کرینگے جبکہ آصفہ بھٹو 24دسمبر کو اس ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ہونگی اور جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگی۔انہوں نے کہا کہ اس ٹینس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے پچھلے سال 37لاکھ روپے کا منصوبہ بنا تھا لیکن فضل سبحان نے نصف رقم میں اس منصوبے کو مکمل کروایا جبکہ سڑک کی توسیع کیلئے گرائی جانیوالی دیوار کی تعمیر کیلئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے وعدہ کیا ہے۔سنیٹر تاج حیدر نے بتایا کہ کراچی میں ٹینس کے کوچنگ کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس میں 42بچے شرکت کر رہے ہیں ،اسلام آباد میں بھی شہید بینظیر بھٹو کے نام پر کوچنگ کیمپ کا انعقاد کرینگے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے نام پر ٹینس ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک اچھا اقدام ہے،کھیلوں کے ذریعے بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے میں امن کا پیغام جائیگا،بینظیر بھٹو نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی ،ٹورنامنٹ کا انعقاد دہشتگردی کی نفی ہے۔سبحان احمد نے کہا کہ تاج حیدر نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد اور اس ٹینس کلب کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ایک بہترین ٹورنامنٹ دیکھنے کو ملے گا۔