پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کو اہمیت دی: یوسف رضا گیلانی
شجاع آباد‘ سکندرآباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اپنے دور اقتدار میں جتنے ترقیاتی کام میں نے کرائے اتنے تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے۔ پیپلزپارٹی کو جنوبی پنجاب سے محبت ہے۔ پیپلزپارٹی کے ہر دور میں جنوبی پنجاب کو اہمیت دی گئی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جنوبی پنجاب کے عوام سے محبت کرتے ہیں۔ 15دسمبر کو شجاع آباد کے عوام بھی بلاول بھٹو کے جلسے میں کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ شجاع آباد میں پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ 15دسمبر کا جلسہ ملتان ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے جلسوں کی یاد تازہ کر دیگا۔ بلاول بھٹو ملک میں واحد نوجوان لیڈر ہیں جو جلسہ ملتان میں ناصرف انتخابی مہم کا آغاز کریں گے بلکہ اس جلسہ میں پارٹی کا منشور بھی دینگے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔ 15دسمبر کا جلسہ ملک کی سیاست کا رخ موڑ دے گی۔ ورکرز کنونشن کی صدارت تحصیل صدر پی پی راجہ طارق جاوید نے کی۔ مہمان خصوصی یوسف رضا گیلانی‘ مخدوم وجاہت حسین گیلانی‘ مخدوم مجتبیٰ گیلانی‘ جسٹس (ر) حبیب اﷲ شاکر تھے۔ ورکرز کنونشن سے غضنفرعلی خان لنگاہ‘ رانا صفدر نون‘ الطاف چنڑ‘ سلیم الرحمن میؤ‘ میاں ساجد بودلہ‘ ملک ریاض ارائیں‘ ملک عاصم‘ جاوید گردیزی‘ منیر مغل‘ چودھری علی حسن‘ رائو سلیم‘ چودھری شاہین میؤ اور دیگر نے خطاب کیا۔ ورکرز کنونشن میں پی پی کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔