بارش کے بعد دھند پڑنے لگی‘ سردی میں اضافہ‘ گرم اشیاء کا استعمال بڑھ گیا
ملتان (خبر نگار خصوصی‘ نمائندوں سے) بارش کے بعد موسم سرد‘ دھند پڑنے لگی ‘ گرم اشیا کا استعمال بڑھ گیا‘ محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم جزوی ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے ملتان سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بوندا باندی ہونے کا امکان ہے اور مزید ایک ہفتہ تک موسم سرد رہے گا جبکہ 20 دسمبر کو دوبارہ برش ہونے کا امکان ہے منگل کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 14.3 کم سے کم 7.5 بہاول پور زیادہ سے زیادہ 16.2 کم سے کم 7.3 کوٹ ادو زیادہ سے زیادہ 19.2 کم سے کم 7.8 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کرم پور سے نامہ نگار کے مطابق کرم پور میں شدید بارش کے بعد ہر طرف دھند کا راج ،شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی معطل ہو گیا،سردی میں زبردست اضافہ ہو گیا،بارش کی وجہ سے گلیاں بازار پانی سے بھر گئے۔ محسن وال سے نامہ نگار کے مطابق میاں چنوں شہر اور نواحی علاقوں میں دھند کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہوگئی موٹر وے پولیس بیٹ نمبر17کے مطابق صبح کے وقت دھند کے باعث نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ دس میٹر تک رہ گئی جس کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار ہوگئی ۔ کوٹ اسلام سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ اسلام ،درکھانہ بار،جڑالہ،گھگھ بار ،حویلی پل ،سندیانوالہ ونواح میں دوروز بارش کے بعد گذشتہ صبح شدید دھند چھائی رہی دھند اور بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا سردی سے شہری گھروں تک محدود ہوگئے اور گرم اشیاء کا ستعمال بڑھ گیا۔ ٹاٹے پور سے نامہ نگار کے مطابق ٹاٹے پور میں موسم سرما کی پہلی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے بارش گزشتہ سے پیوستہ رات شروع ہوئی جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ٹھٹھہ صادق آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کے بعد جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں کی طرح گزشتہ روز ٹھٹھہ صادق آباد،پل 14،حاجن شیر،خان پور ،علی شیر واہن،پل پنجو،پل 132نواحی علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی رہی،دھند اور سردی سے معمولات زندگی متاثر ہوئی،دھند میں حد نگاہ صفر ہوگئی،شدیددھند کے باعث علی شیر واہن فیڈر کی لائن ٹرپ کرنے سے گھنٹوں بجلی بند رہی۔