بارش جاری، شاہکوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بھائی جاں بحق، والدہ اور بہن شدید زخمی
شاہکوٹ‘اسلام آباد‘ مری (نیوز ایجنسیاں) پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے اس دوران ننکانہ صاحب کے علاقے شاہ کوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بھائی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اور بہن زخمی ہوگئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ کوٹ میں بھوڑو گاؤں میں رات گئے بارش کے باعث معروف نعت خواں نثار احمد نقشبندی کے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 4 بھائی 12 سالہ ولید رضا، 17 سالہ اویس،10 سالہ نور مصطفی اور 4سالہ شرجیل جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی والدہ 38 سالہ ریحانہ اسکی 2 سالہ بیٹی سحر فاطمہ زخمی ہو گئیں انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک ہی گھر میں 4کمسن بھائیوں کی المناک موت پر علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی رشتے دار خواتین پر غشی کے دورے ۔ ادھر صباح نیوز کے مطابق مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں آج(بدھ) سے سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے اور ہفتے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف آزاد کشمیرمیں وادی نیلم، نکیال اور قریبی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے جبکہ دیامر میں نانگاپربت، بٹوگا اور بابوسر ٹاپ پر بھی برف پڑی، چلاس میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی خیبر پی کے، فاٹا اور پنجاب کے بالائی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفباری کے باعث بالائی علاقے شاردہ کیل تاوبٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن میں بھی مزید برسات کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ملتان، گوجرہ، کمالیہ، چنیوٹ، چیچہ وطنی، پاکپتن اورصادق آباد میں دھند نے دوبارہ ڈیرے ڈال لیے ہیں، قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق دھند کے باعث چیچہ وطنی اورملتان سے صادق آباد تک حدنگاہ صفرسے30میٹر رہ گئی ہے۔ این این آئی کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ٗ اسلام آباد ٗراولپنڈی ٗسرگودھا ٗمیانوالی، گوجرانوالہ ٗپنڈی بھٹیاں ٗلاہوراورمضافات میں موسم سرما کی پہلی بارش نے ٹھنڈ بڑھا دی ہے۔ سردی کی شدت کے باعث گرم ملبوسات، خشک میوہ جات اورگرما گرم پکوانوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ ادھر اسلام آباد ٗ جڑواں شہر راولپنڈی اور پنجاب کے متعدد شہروں میں عوام کو گیس کے شدید بحران کا سامنا رہا جس کے باعث ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا ہے ٗ بلوچستان کے علاقے زیارت میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گیس پریشر میں کمی سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا۔