مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کا 5 شہداکی میتیں دینے سے انکار ، وین پرفائرنگ 2 اہکارہلاک
سرینگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں بنک کی خالی کیش وین پر حملہ،2 سکیورٹی اہلکار ہلاک، ایک زخمی، حملہ آور اسلحہ لے کر فرار، بھارتی فوج کا ہندواڑہ کے 5شہداء کی میتیں مقامی لوگوں کو دینے اور شناخت جاری کرنے سے انکار، جس پر لوگوں نے شدید احتجاج، ہزاروں احتجاجی لوگ سڑکوں پر امڈ آئے، شمالی کشمیر میں انٹرنیٹ سروس منقطع،کاروباری اور تجارتی مراکز بند، نظام زندگی معطل ،کولگام تھانے میں ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار7روز بعد دم توڑ گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز پلوامہ کے علاقے کیلر میں شوپیاں روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے جموں و کشمیر بنک کی ایک کیش وین پر حملہ کیا جو خالی تھی تاہم فائرنگ سے بنک کے دو پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ ہلاک ہو گئے جبکہ بنک کا ایک ملازم زخمی ہو گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ جنگجو سکیورٹی گارڈوں سے 2بارہ بور بندوقیں اڑا لے گئے۔ واقعہ کے بعد آس پاس کے علاقوں میں تلاشی کارروائی بھی کی گئی۔ ادھر گزشتہ روز ہندواڑہ اور پلوامہ کے مقامی لوگوں نے بھارتی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک روز قبل مارے جانے والوں کی شناخت جاری کی جائے اور نعشیں تدفین کیلئے سپرد کی جائیں تاہم بھارتی فورسز نے انکار کر دیا۔ مقامی عمائدین کے وفود نے فوجی کیمپوں میں جاکر نعشوں کا تقاضا کیا تاہم فوجی حکام نے انکار کر دیا جس پر لوگوں نے سخت سردی اور برف باری کے باوجود فوجی کیمپوں کے باہر مظاہرہ کیا۔ دریں اثناء شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گریس میں گزشتہ رات شدید برف باری کے بعد فوج کی 36 راشٹریہ رائفلز کا کیمپ برفانی تودہ کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی لاپتہ ہوگئے جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں متعدد افراد کی شہادت اور سینکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے وحشیانہ پن اور درندگی سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے بعد احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر بے تحاشا طاقت کا استعمال کسی بھی طور پر جائز نہیں اور اس کے خلاف پوری امت مسلمہ کو متحد کر کے مقابلہ کرنا چاہئے‘ نام نہاد مہذب اور جمہوری ممالک درپردہ اس دہشتگردی کے لئے اسرائیل کی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں‘ اسرائیل اس وقت انسانیت کش ہتھیار تیار کر رہا ہے جس کے لئے امریکہ بھی مدد دے رہا ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
مقبوضہ کشمیر