پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنا وعدہ پورا کرتا رہے گا‘ خرم دستگیر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان حرمین شرفین کے تحفظ کے لئے اپنا وعدہ پورا کرتا ریگا۔ انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ ال عیعش سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری دفاع لیفٹینٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ ،ایڈیشنل سیکرٹری دفاع فیصل رسول لودھی اور سعودی سفیر نواب سعید المالکی بھی اجلاس میں موجود تھے ۔وفاقی وزیر نے شاہ سلیمان بن عبدالعزیز کی صحت اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور دعا کی ۔وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے سرحدوں پر خلاف ورزی کا ذکر کیا جس کے نتیجے میں بہت سے شہری ہلاک ہوئے وفاقی وزیر نے اس صورتحال کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی حکومت کو اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کو کہا ۔سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی حکومت مسلح افواج کی تربیت کے لیے پاکستان کا تعاون چاہتا ہے بالخصوص انسداد دہشت گردی ،غیر معمولی جنگ اور پہاڑوں پر لڑائی کے میدان میں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجوددفاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں اور دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لئے تعاون کی تجویز پیش کی۔انہوں نے اسلامی فوجی اتحاد کی کامیاب وزارتی کانفرنس پر سعودی شہزاد ے کو مبارکباد کا پیغام دیا جو انسداد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے منعقد کی گئی اور حرمین شریفین کی حفاظت اور سا لمیت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔