داعش پاکستان، افغانستان، وسطی ایشیا میں نام نہاد خلافت قائم کرنا چاہتی ہے: ایران
تہران (اے این این) ایران کے وزیر انٹیلی جنس محمد علاوی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گردی تنظیم ’’داعش‘‘ عراق اور شام میں ناکامی کے بعد پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیاء میں نام نہاد خلافت قائم کرنا چاہتی ہے۔ ایرانی وزیر انٹیلی جنس نے کہاکہ داعش کو شام اور عراق میں شکست ہو رہی ہے اور اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا اب یہ تنظیم پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیاء کے علاقوں کو فتح کرنا چاہتی ہے تاکہ وہاں اپنی نام نہاد خلافت کو بحال کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ داعش کو کئی بڑے دھچکے لگے ہیں اور تنظیم کمزور ہو چکی ہے تاہم اس کے دوبارہ مضبوط ہونے کو روکنے کیلئے چوکس رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے امریکہ کی حمایت سے مذہب کے نام پر سرگرم انتہا پسند گروپوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی مذہب یا عقیدے سے نہیں بلکہ انتہا پسندی سے جنم لیتی ہے۔