نواز شریف کیخلاف ریفرنس یکجا کرنے کی درخواست پر اعتراضات ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تین نیب ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی ،منگل کو سعد ہاشمی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر اپیل میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ رولز کے مطابق داد رسی کا کونسا فورم دستیاب ہے،درخواست گزار کے خلاف نیب کی جانب سے الگ الگ تین ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ غیرآئینی و غیر قانونی ہے، سپریم کورٹ آرٹیکل 184 (3) اور 187 کے تحت ایسے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے سکتی ہے، یہ اعتراض بلاجواز ہے کہ حتمی فیصلے کیخلاف آئینی درخواست دائر نہیں ہو سکتی، اعتراضات مسترد کئے جائیں،یادرہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے نواز شریف کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے نیب ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق درخواست خار ج کردی تھی جس پر انہوں نے دوبارہ درخواست دائر کی تو رجسٹرار آفس نے درخواست پر پھر اعتراض عائد کرتے ہوئے واپس کردی کہ چیف جسٹس کی جانب سے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو درست قرار دینے کے حتمی فیصلے کے خلاف درخواست دائر نہیں ہو سکتی ۔دائر اپیل کو جلد سماعت کے لیئے مقرر کیا جائے۔