منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس 50منٹ تک جاری رہا جب کہ سینیٹ کا اجلاس سوا دو گھنٹے تک جاری رہا قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے دوسرے روزبھی فاٹااصلاحات بل کو ایجنڈے سے نکالنے پر قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھا اپوزیشن ارکان ایوان میں آئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اپنا احتجاج ریکارڈ کرا یا اور اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کر کے باہر چلے گئے اس کے ساتھ ہی اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کر کے اجلاس کی کارروائی نہیں چلنے دی اپوزیشن نے دوسرے روز بھی ’’کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیواں گے ‘‘ کی پالیسی پر عمل کیا جب کہ قومی اسمبلی میں منگل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے ہوتا ہے اور ارکان کے ’’پرائیویٹ بزنس‘‘ کے لئے مختص ہوتا ہے لیکن ایسا دکھائی دیتا ہے اپوزیشن کو ہنگامہ آرائی اور شور شرابہ میں زیادہ دلچسپی ہوتی ہے منگل کو بھی اپوزیشن کے ارکان نے ’’ گوایف سی آر گو اور فاٹا کو کیوں نکال‘‘کے نعرے لگائے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فاٹا اصلاحات بل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو جمعہ کو ناشتہ پر مدعو کرلیا ہے۔جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم نہ کرنے پر قبائل اسلام آباد کی سڑکوں پرسراپا احتجاج ہیں ہیں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا نہ کئے جائیں، فاٹا بل واپس نہ لایا گیا تو کارروائی کا بائیکاٹ جاری رہے گا ۔قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ جنہوں نے پیر کو جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کے شرکاء سے بھی خطاب کیا نے راتوں رات واردات ڈالنے کو ’’توئین پارلیمنٹ قرار دیا پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار بل ایجنڈے پر لانے کے بعد واپس لے لیا گیا۔ ہم نے کبھی نہیں چاہا کے روسٹرم کے سامنے کھڑے ہو کر احتجاج کریں۔ شور شرابے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ہمارا احتجا ج اور واک آئوٹ پارلیمنٹ کی بے توقیری پر ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے انکشاف نے کیا کہ’’ جب بل واپس لیا گیا تو اس پر احتجاج کے بعد ہم نے وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ اور طارق فضل چوہدری کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس گئے اور ان سے اس معاملے پر تفصیل سے بات ہوئی۔ قومی اسمبلی اجلاس میں کورم کی نشاندہی پر حکومتی رکن اسمبلی کیپٹن (ر )صفدر نے تحریک انصاف کے رکن انجینئر حامد الحق کو ڈانٹ پلا دی اور کہا کہ محمود خان اچکزئی کو پہلے بات کرنے دیں وہ سینئر سیاستدان ہیں ، آپ کو کسی نے بڑوں کا احترام کرنا شاید نہیں سکھایا ، اب خیبر پختونخوا اسمبلی میں روز کورم کی نشاندہی ہو گی ۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن اسمبلی محمود خان اچکزئی نے نکتہ اعتراض پر فلور مانگا ، ان کا مائیک آن ہوا تو تحریک انصاف کے رکن انجینئر حامد الحق نے کورم کی نشاندہی کر دی پرنٹنگ پریس آف پاکستان میں ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے سینیٹ میں وقفہ سوالات کیلئے جوابات پرنٹ نہ ہونے پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی شدید ناراضی کا اظہار کیا انہوں نے حکومت کو جلد ازجلد پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کردی، منگل کو سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات موخر کرنے کیلئے وفاقی وزیر پارلیمانی شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی اور کہا کہ پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے ملازمین گزشتہ دو روز سے ہڑتال پر ہیں ، میں نے پاکستان پرنٹنگ پریس کے ایم ڈی کو ابھی طلب تھا ان کا کہنا ہے کہ اڑھائی ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی گئیں جس کی وجہ سے وہ ہڑتال پر ہیں ۔ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سمری بجھوا دی ہے ۔سمری کی منطوری پر ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی سینیٹ میں تحریک لبیک کے فیض آباد میں دھرنے کے خاتمہ کے طریقہ کار پر بحث کیلئے تحریک التواء منظور کر لی گئی ، سینیٹ کے رواں سیشن کے آخری روز تحریک پر بحث کی جائے گی اور وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال سینیٹ کو معاملے پر تفصیلی بریفنگ دیں گے ۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024