کراچی میں امن وفاقی حکو مت کی وجہ سے بحال ہوا ، امیر مقا م
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری پھیلانے کے لیے جمہوریت کے نام نہاد دعویدار اکٹھے ہورہے ہیں ۔ دھڑے بندیوں کی وجہ سے ایم کیو ایم کا زوال شروع ہوچکا ہے ۔کراچی سمیت سندھ بھر میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے کوشش کررہے ہیں ۔تبدیلی کی گواہی کراچی شہر دے رہا ہے ۔جعلی طریقے سے جعلی تبدیلی کی ہم بات نہیں کرتے ہیں ۔جب تک لوگ پی ٹی آئی میں شامل نہ ہوں توان کو وہ سب چور ڈاکو نظر آتے ہیں۔سینٹ میں نئی حلقہ بندیوں کا بل نواز لیگ کا نہیں عوام کے لئے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو مسلم لیگ کے رہنما شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔امیر مقام نے کہا کہ کراچی سب کا شہر ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔کراچی میںکامیابیوں کے اس تسلسل کو عام انتخابات تک برقرار رکھا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ کسی نے تبدیلی دیکھنی ہے تو کراچی آکر دیکھ لے ۔وفاقی حکومت کی وجہ سے اس شہر کا امن بحال ہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک میں معاشی استحکام لایا گیا ہے ۔سی پیک پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ہم سرخرو ہوکر عوام کی عدالت میں جائیں گے ۔جمہوریت کے نام نہاد عویدار ملک میں افرا تفری پھیلانے کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں ۔یہ وہ لوگ ہیں جو عوام کی عدالت میں نہیں جاسکتے ا س لیے نت نئے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں ۔امیر مقام نے کہا کہ مردم شماری حکومت اور فوج نے کروائی ہے۔مردم شماری کے نتائج شفاف ہیں ۔اعداد و شمار کے لحاظ سے پنجاب کی سیٹیں کم ہوئی ہیں ۔
امیر مقا م