اورنج ٹرین پر24 گھنٹے کام کیا جائے‘ شہباز شریف: ہر ممکن تعاون کریں گے: چینی سفیر
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اورنج ٹرین پوری پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے اور ہم نے اس منصوبے کو قومی جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ تاخیر کا ازالہ محنت، محنت اور محنت سے کام کر کے کرنا ہے۔ جو ہوگیا سو ہو گیا، اب آگے کا سوچنا ہے اور منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرنا ہے۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوچکی ہے۔ جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی، انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔ ہم نے عام آدمی کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔ جتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا۔ شہباز شریف نے یہ بات پنجاب ہائوس اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سول، الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کاموں کی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کیا جائے۔ منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز اور ٹیکنیشنز کیلئے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کا تساہل برداشت نہیں کروں گا اور عدالت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے آپس میں انتہائی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔شہباز شریف سے چین کے سفیر یائو جنگ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین معاشی تعلقات، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ چین کے سفیر نے میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام کی اجازت ملنے پر شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ چینی سفیر نے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیاں اس ضمن میں متعلقہ کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی مربوط کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے اس منصوبے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اور یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہوگا- چینی سفیر نے وزیر اعلی پنجاب کی گڈ گورننس اور برق رفتاری سے قومی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ پنجاب کی ترقی کا ایک روشن ستارہ ہیں اورآپ نے مشکلات کے باوجود مقررہ وقت سے قبل ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ لاکھوں شہریوں کو باعزت، عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ چین کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یہ منصوبہ پاکستان کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔ دنیا میں امن اور ترقی اور استحکام معاشی خوشحالی سے ہی منسلک ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں یوم قائداعظم محمد علی جناح کے سلسلے میں صوبہ پنجاب میں تقریبات، پروگرامز اور اس ضمن میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یوم قائد کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار طریقے سے منائی جائیں گی۔ یوم قائد کے سلسلے میں تقریبات صوبہ بھر میں 7 روز تک جاری رہیں گی۔ تعلیمی اداروں میں یوم قائد کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔