ڈالر کی انٹر بنک قیمت110.64 روپے ہو گئی‘ ایل پی جی10 ‘ برائلر9 روپے کلو مہنگا
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں ڈالر کی مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا اور گزشتہ روز انٹر بنک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 110 روپے 64 پیسے کا ہوگیا، تین روز میں غیر اعلانیہ طور پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تقریبا 5 فیصد تک کم ہوگئی ہے۔ انٹربنک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 108 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 111 روپے کی بلند ترین سطح پر بھی گیا تاہم کاروباری اوقات کے اختتام پر روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 2 فیصد سے زائد کمی سے 110 روپے 64 پیسے رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 109 روپے سے 111 روپے تک فروخت ہوتا رہا۔ تین کاروباری روز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 4.9 فیصد کمی ہو چکی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس بارے میں سٹیٹ بنک اور وزارت خزانہ کی طرف سے مکمل خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور سٹیٹ بنک کی مرضی سے ہی روپے کی قدر کم کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے روپے کی قدر میں فوری طور پر کم سے کم 6 فیصد تک کمی کا کہا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آئی ایم ایف کے وفد اور پاکستان کے پالیسی لیول کے اختتامی مذاکرت تیرہ اور چودہ دسمبر کو ہو رہے ہیں۔ڈالر کی مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے ایک محتاط اندازے کے مطابق بیرونی قرضوں کا بوجھ 400ارب روپے بڑھ گیا ہے ۔آئی این پی کے مطابق گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ نے کہا ہے کہ روپے کی قدر کے بارے میں صورتحال 2 سے 3 روز میں واضح ہو جائے گی۔ کرنٹ اکائونٹ خسارے کی وجہ سے روپے کی قدر کم ہوئی۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑا چیلنج ہے۔ روپے کے استحکام کے لئے پالیسی بیان جاری کروں گا۔ پولٹری مافیا نے سردی بڑھنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ روز بلاجواز طورپر ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 9 روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 209 روپے سے بڑھ کر 218 روپے ہوگئی ہے۔ واضح رہے گزشتہ 6 دنوںکے دوران ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 34 روپے اضافہ ہو چکا ہے اور اسکا ریٹ 18 روپے سے بڑھ کر 218 روپے ہو چکا ہے۔پاکستان کی غریب عوام کو سردیوں کا ایک اور تحفہ ارسال کر دیا گیا، ایل پی جی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگتے ہی ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں10روپے فی کلو مزیداضافہ ہو گیا ، گھریلو سلنڈر 120 روپے اور کمرشل سلنڈر 400روپے مہنگا ہو گیاجس کے بعد سکردو میں قیمت 200روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اضافے کے بعد کراچی میں ایل پی جی 120روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 1390روپے ،لاہور، گوجرانوالہ،فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، نوشہرہ، ناروال، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاور میں 130روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1510روپے ،یزمان، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، جہلم، ایبٹ آباد میں 140روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1630روپے ،رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، ، اٹک ،گجرات، میرپور آزاد کشمیر،مری،نتھیا گلی،راجن پور میں 150 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1750روپے ،راولپنڈی ، اسلام آباد، مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی، ٓآزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، منباری، ٹھٹہ، دادو، جام شورو، شکار پور میں 155روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1810 روپے ،بالاکوٹ،گلگت اور بلتستان میں 190روپے کلو اور گھریلو سلنڈر 2230روپے ،ہنزہ ، سکردو، گھار میں 200روپے کلو اور گھریلو سلنڈر 2350روپے کا ہو گیا ۔ اس حوالے سے فائونڈر ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان( ایل پی جی چیمبر آف پاکستان )اورایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہاکہ ریگولیٹری ڈیوٹی ختم نہ کی گئی تو آئندہ دنوں میں مزید قیمتیں بڑھے گی۔