گنے کے کاشتکاروں پر تشدد اور گرفتاریاں زراعت دشمنی ہے‘ علی اکبر گجر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی میں اندرون سندھ کے گنے کے کاشتکاروں پر پولیس تشدد گرفتاریوں اور مقدمات کو سندھ کی زراعت کے ساتھ دشمنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے زرعی پانی پر چند خاندانوں کی اجارہ داری کی طرف توجہ نہ دی گئی تو اس بات کا اندیشہ ہے کہ سندھ کی سرسبز زرعی زمینیں بنجر اور چھوٹے کاشتکار بے روزگار ہوجائیں گے۔ دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم سندھ کی حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے چند خاندانوں کے ہاتھوں میں جا چکی ہے سندھ کا محکمہ آبپاشی حکومتی دبائو کی وجہ سے چھوٹے کاشتکاروں کے حق کے زرعی پانی پر ناجائز قابضین کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہے ۔ علی اکبر گجر نے سندھ حکومت کے گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ آمرانہ روئیوں کی مذمت کی اور کہا کہ ملک کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے والے کاشتکاروں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے بند کئے جائیں ۔