کراچی میں وائرل بیماریوں میں اضافہ رواں سال کے دوران 23 افراد دم توڑ گئے
کراچی( ہیلتھ رپورٹر) میگا پولیٹن شہرکراچی میں وائرل بیماریوں میں اضافہ ہونے سے رواں سال کے دوران ڈنگی،چکن گونیا،ملیریا،ڈائریا، کانگو، نگلیریا اور کئی بیماریوں سے سیکڑوں افراد بیمار ہوئے جن میں سے23 افراد دم توڑ گئے،محکمہ صحت سندھ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق رواں سال کراچی میں ڈنگی وائرس کا شکار ہوکر11افراد ہلاک‘جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والا کانگووائرس نے 6 افراد کی جان لی پینے کے صاف پانی میں کلورین شامل نہ کرنے کی وجہ سے6 افراد نگلیریا جرثومے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہارگئے۔کراچی میں سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام غیر فعال ہونے سے256 افراد ایچ آئی وی ایڈز وائرس کا شکار ہوئے۔ امسال کراچی میں مخصوص مچھر ایڈیزایچپٹی کے کاٹنے سے2 ہزار567 افراد ڈینگی وائرس اور اسی مچھرکے کاٹنے سے 4ہزار65 فراد چکن گنیاکا شکار ہوئے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد تیزبخار، جوڑوں میں دردکی شکایت میں مبتلا رہی۔کراچی سمیت صوبے میں مچھروں کی بہتات کی وجہ سے 49 ہزار507 افراد ملیریاکا شکار ہوگئے کراچی میں بچوں میں خسرہ وائرس سے797بچے مبتلا ہوئے۔ بچوں میں سانس کے امراض میں5لاکھ30ہزاربچے رپورٹ ہوئے، ڈائریاکے مرض میں20ہزار460 بچے اور بڑے رپورٹ ہوئے، بچوں میں تشنج کے مرض میں53 افراد کے مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ کراچی میں 2 بچے پولیو وائرس کا شکار ہوکرمعذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔